سوشل میڈیا پر میرے خلاف من گھڑت پراپیگنڈا کیا گیا: طاہر جاوید

Published On 12 October,2023 09:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری طاہر جاوید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف من گھڑت پراپیگنڈا کیا گیا۔

نگران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور وزیرمملکت طاہر جاوید نے کہا کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کیا گیا، ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ان کے خلاف جس کیس کا ذکر کیا جارہا ہے اس کے بارے میں امریکہ کی پولیس پہلے ہی کلیئرنس دے چکی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو موجودہ حکومت اور پاکستان آرمی کے خلاف کمپین چلا رہے ہیں، ان کی پوری کوشش ہے کہ مجھے کام سے روکا جائے تاکہ میں کام کے بجائے ان چیزوں میں الجھ جاؤں۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل کئے گئے معروف اوورسیز پاکستانی طاہر جاوید کو صدارتی تمغہ امتیاز بھی مل چکا ہے، طاہر جاوید ایک کامیاب بزنس مین ہیں اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سیاست دان کے طور پر جانے جاتے ہیں، پاکستان امریکہ تعلقات کے لئے طاہر جاوید کی دو دہائیوں کی کامیاب کاوشیں ہیں۔

طاہر جاوید پاکستان کی کسی سیاسی پارٹی کے رکن نہیں رہے، امریکہ کی ڈیموکریٹ پارٹی کے مرکزی رہنما بھی رہ چکے ہیں، امریکہ کے صدر جوبائیڈن کے قریبی دوستوں میں شامل ہیں، طاہر جاوید کی وفاقی کابینہ میں شمولیت اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے قریب لائے گی۔

طاہرجاوید اپنی صلاحیتیں استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری لانے میں مؤثر کردار ادا اور امریکہ، کینیڈا، یورپ، ترکی اور دبئی سے سرمایہ کاری لانے میں مؤثر پیشرفت کریں گے۔