کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے چیئرمین اینٹی کرپشن کے تبادلے کے خلاف درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔
چیئرمین اینٹی کرپشن کے تبادلے کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی، عدالت نے چیئرمین اینٹی کرپشن کے تبادلے سے متعلق جاری نوٹیفکیشن پر آئندہ سماعت تک صورت حال برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔
درخواست گزار عثمان غنی کا مؤقف ہے کہ چیف سیکرٹری سندھ نے 16 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کو جواز بنا کر میرا تبادلہ کر دیا جبکہ چیئرمین اینٹی کرپشن کا عہدہ انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی دلائل طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو 26 اکتوبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
خیال رہے کہ چیف سیکرٹری سندھ نے 16 اکتوبر کو چیئرمین اینٹی کرپشن عثمان غنی کا تبادلہ کر کے ذوالفقار شاہ کو چیئرمین تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔