اسلام آباد: (دنیا نیوز) معروف قانون دان اعتزاز احسن اور سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ فیصلہ جمہوریت اور پورے نظام کو مستحکم کرے گا، سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا کہ بالادستی صرف قانون کی ہوگی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن اور سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بہت اہم کیس تھا بہت اہم فیصلہ دیا، فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے ہم خلاف تھے، سپریم کورٹ نے فریقین کو بڑے حوصلے سے سنا، ہم سمجھتے ہیں سپریم کورٹ نے بہترین ججمنٹ دی۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا، ہماری فوج آئین کے ماتحت چلنے کی خواہش رکھتی ہے، عدالت کا اصول ہے جج آزاد ہونا چاہیے، پاکستان میں ماضی کے علاوہ کوئی اور پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ آج یہ بات ثابت ہو گئی "لا از ابوو یو"، بادشاہ اس لیے بادشاہ ہے کہ قانون اس کو بادشاہ بناتا ہے۔
معروف قانون دانوں نے کہا کہ تمام اداروں کو یہ اطلاع ہو جانی چاہیے کہ آپ جتنے بھی طاقتور ہوں قانون سے بالاتر نہیں، فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف ہم نے جدوجہد کی، جو واقعات ہوئے ہیں ان کے یہ قصور وار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تمام اداروں جو اپنی کارکردگی بہتر کرنی چاہیے، سپریم کورٹ نے بڑے حوصلے سے سب کے دلائل سنے، سب کو موقع ملا، اس فیصلے سے سول سوسائٹی کی مزید رہنمائی ہوگی۔