نگران وزیر اعظم نے بجلی چوری کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا

Published On 25 October,2023 11:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی چوری کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس آج دوپہر وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا، پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی چوری کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات پر وزارت داخلہ تفصیلی بریفنگ دے گی۔

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور حکام جاری کارروائیوں پر بریفنگ دیں گے، صوبوں میں بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، بجلی چوری میں ملوث افراد کی گرفتاری اور قانونی چارہ جوئی پر بریفنگ ہو گی۔

دوران اجلاس نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ وزیر توانائی اور وزیر داخلہ کو آئندہ کی ہدایات دیں گے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے بجلی چوری اور روک تھام کے اقدامات پر رپورٹ تیار کر لی ہے، نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی آج وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کریں گے۔