اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے دھوکہ دہی کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ایک روز کی توسیع کر دی۔
فواد چودھری کو دھوکا دہی کیس میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر فواد چودھری کی اہلیہ حبا چودھری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی، جبکہ ملزم کے وکیل فیصل چودھری اورعلی بخاری بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت پولیس نے فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو ملزم کے وکیل فیصل چودھری نے سابق وزیر کو کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کر دی۔
عدالت نے فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ سے متعلق استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں سیشن عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کی استدعا پر فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ فواد چودھری کو 4 نومبر کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، ان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 50 لاکھ روپے لے کر نوکری دلوانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔