عالمی برادری 5 شہدا کے جسد خاکی ورثا کو واپس کرانے کیلئے کردار ادا کرے: شاہ غلام قادر

Published On 07 November,2023 06:22 pm

مظفرآباد ( دنیا نیوز ) مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر نے وادی نیلم سے تعلق رکھنے والے 5 بے گناہ نوجوانوں کی بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں زیر حراست شہادت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی وہ شہدا کے جسد خاکی ان کے ورثا کو واپس کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وادی نیلم کے علاقے سوناڑ سے تعلق رکھنے والے پانچ شہدا کے ورثا کے گھر گئے اور ان سے تعزیت کی، انہوں نے کہا کہ بھارت نے ان بے گناہ نہتے شہریوں کو پکڑ کر شہید کیا اور انہیں عسکریت پسند پیش کر کے دنیا کو مقبوضہ جموں وکشمیر کے حالات پر گمراہ کیا۔

اس موقع پر شاہ غلام قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچوں شہری ایل او سی کے قریب جنگل میں جڑی بوٹیاں اور لکڑیاں جمع کر رہے تھے تاکہ اپنے بچوں کا پیٹ پال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید نہتے شہری محنت مزدوری کرنے والے اپنے خاندانوں کے واحد کفیل تھے، بھارت نے ان پانچوں سویلینز کو عسکریت پسند پیش کر کے دنیا کے سامنے جھوٹ بولا۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ بھارت نے ان شہریوں سے اسلحہ کی بر آمدگی کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا، بھارتی قابض فوج نے ان شہریوں کی میتیں، شناخت اور چہرے میڈیا سے کیوں چھپائے، شہید نوجوانوں کا عسکریت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا، عالمی برادری ان نہتے شہریوں کے قتل کا نوٹس لے اور پانچوں عام شہریوں کی میتیں ان کے ورثا کے حوالے کی جائیں۔

شہدا میں 40 سالہ صدیق ولد طواسین، 38 سالہ محمد شیر افضل ولد عالم، 37 سالہ فیاض احمد خان ولد منگتا خان، 37 سالہ غلام رسول خان ولد خان ولی اور 37 سالہ سرفراز حفیظ ولد حفیظ اللہ شامل ہیں۔

شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ بھارت نے ان پانچوں شہریوں کو مژہل سیکٹر کلاروس مقبوضہ جموں و کشمیر میں دوران حراست قتل کر کے بھارتی میڈیا پر عسکریت پسند کے طور پر پیش کیا۔