اسلام آباد: (دنیا نیوز) غزہ کی صورتحال پر سینیٹ کے خصوصی اجلاس میں سینیٹر اعجاز چودھری کی شرکت کے لئے درخواست اعتراض کے ساتھ سماعت کے لئے مقرر ہوگئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی بدھ کو اعتراضات کے ساتھ سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراض کے ساتھ مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کردی، درخواست گزار کے مطابق سینیٹ کے رکن کو اجلاس میں شرکت سے روکنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔
یہ یھی پڑھیں: شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزارکی گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع
سینیٹر اعجاز چودھری نے ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا 15 مئی کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے پروڈکشن آرڈر کے باوجود پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا، سینیٹ کا اجلاس 27 اکتوبر سے شروع ہے۔
درخواست میں کہا گیا سینیٹ کے اجلاس میں درخواست گزار کی شرکت عوامی نمائندگی کے لئے ضروری ہے، سینیٹر اعجاز چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ ایوان بالا میں پنجاب کی نمائندگی کرتا ہوں، صوبے کی نمائندگی کے لئے اجلاس میں شرکت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر
درخواست میں استدعا کی گئی سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری داخلہ اور چیف سیکرٹری پنجاب میری سینیٹ اجلاس میں شرکت کے انتظامات یقینی بنائیں، مستقبل میں سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے، چیئرمین سینیٹ کو اعجاز چودھری کے پرڈوکش آرڈر جاری کرنے کے احکامات دیئے جائیں۔
درخواست میں چیئرمین سینیٹ، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا، سیکرٹری سینیٹ، سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت لاہور بھی فریقین میں شامل، سینیٹر اعجاز چودھری نو مئی کے مقدمے میں کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔