وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، ترجیحی 43 ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

Published On 11 November,2023 11:58 am

لاہور : (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اہم اجلاس کے دوران فلاح عامہ کےترجیحی 43 منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈرون فوٹیج کے ذریعے 43 منصوبوں پرہونے والی پیشرفت کا مشاہدہ کیا، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے ہر پراجیکٹ کی ڈرون فوٹیج کے ذریعے فزیکل پراگریس کے بارے میں بریف کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے متعلقہ سیکرٹریز کو ہدایات دیں۔

اجلاس میں شاہدرہ ملٹی گریڈ فلائی اوور، امامیہ کالونی اوورہیڈ برج، اکبر چوک فلائی اوور،رنگ روڈ سدرن لوپ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، گوجرانوالہ کو سیالکوٹ لاہور موٹروے سے لنک کرنے کے لئے واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کی تعمیر،فیصل آباد میں عبداللہ پور فلائی اوور، گجومتہ تا قصور فیروز پور روڈ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان شجاع آباد فلائی اوورمنصوبے پر کام کی رفتار میں سست روی پر تشویش کا اظہار کیا، نئے جی او آر، سروسز،گنگارام، لیڈی ولنگٹن، میو اورجنرل ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں کے اپ گریڈیشن ورک پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن، فیصل آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، کیڈٹ کالج ملتان، گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام اور ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور پارک کے قیام کا جائزہ بھی لیا گیا، شرکاء کو پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری اور بائیو گیس پلانٹس کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد اشرف طاہر مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اجلاس کے شرکاء نے ڈاکٹر محمد اشرف طاہر مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرمحمد اشرف طاہر مرحوم ایک اثاثہ تھے، فرانزک سائنس کے شعبے میں ڈاکٹر محمد اشرف طاہر مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل، چیف سیکرٹری، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔