نگران وزیراعظم سے امارات کے سفیر کی ملاقات، کاپ 28 اجلاس کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا

Published On 20 November,2023 08:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر نے ملاقات کی، اماراتی سفیر نے ابوظہبی میں آئندہ کاپ 28 اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم کو باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔

نگران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی اور کاپ 28 کانفرنس سے متعلق امور پر بات چیت کی، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کاپ 28 کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون بارے پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انوارالحق کاکڑ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور وسیع تر روابط پر اطمینان کا اظہار کیا، نگران وزیراعظم نے توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا، ملاقات میں نگران وزیر اعظم نے غزہ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ مسلم ممالک متحد ہو کر عالمی برادری پر اسرائیل کے مظالم روکنے پر زور دیں، اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غزہ میں بے گناہ شہریوں کے تشدد اور وحشیانہ قتل کو روکا جانا چاہئے۔