محکموں کے معاملات میں بدانتظامی برداشت نہیں کرینگے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

Published On 21 November,2023 06:14 pm

پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا ہے کہ محکموں کے معاملات میں بدانتظامی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خود باقاعدگی سے دورہ کر کے معاملات کا جائزہ لوں گا۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء چیف سیکرٹری، سیکرٹری اری گیشن، کمشنر پشاور، سی سی پی او نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے نہروں کی دیکھ بھال اور صفائی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے صوبائی وزیر اور سیکرٹری کو نہروں کی دیکھ بھال اور مرمت کی نگرانی کی ہدایت کی۔

جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ تمام وزراء اور سیکرٹریز اپنے محکموں سے متعلق امور کی نگرانی کیلئے فیلڈ وزٹس کریں، پہلے سیکرٹریز فیلڈ میں جا کر اپنے محکموں کے معاملات ٹھیک کریں، دورہ کے دوران کوئی غلطی یا کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ سیکرٹری ذمہ دار ہو گا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نہروں کی مرمت کے کاموں کی کڑی نگرانی کی جائے، مرمت کے کاموں کا تصویری ریکارڈ مرتب کیا جائے، سرکاری اہلکاروں کی بدعنوانی اور نااہلی کسی صورت برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے دفاتر میں بھی کیمرے نصب کئے جائیں، محکمے کے جملہ امور کو ڈیجیٹلائز کرنے پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔