خیبرپختونخوا کو تمام بقایا جات کی ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں: نگران وزیر اعظم

Published On 22 November,2023 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا کو ہائیڈل منصوبوں سے متعلق تمام تر بقایا جات کی ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں، شہدا نے ملک کی بقا اور دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہدا ویلفیئر فنڈ کو فوری طور پر شہدا کے اہل خانہ تک پہنچایا جائے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور شہدا کے اہل خانہ کی بہبود کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں نگران وزیراعظم کو مسائل کے سدباب کیلئے جاری آپریشن کی تفصیلات سےآگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس پر بہتر موقف کیلئے ادارے بھرپور تیاری کریں: وزیر اعظم

اجلاس میں پن بجلی کے منصوبوں کی آمدن کی خیبرپختونخوا کوادائیگی پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا، جس پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک میں آبی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے، اجلاس میں نگران وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کا داعی، ہمسائیوں سے برادرانہ تعلقات چاہتا ہے: نگران وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان قوم کے محسن ہیں، شہدا کے خاندان کی بہبود کیلئے مختص رقم کی ادائیگی میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔