راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد کو جیل میں سہولیات کے کیس میں عدالت نے چیف کمشنر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
فواد چودھری کو جیل میں سہولیات اور وکلا و فیملی ارکین سے ملاقات کی اجازت دینے کے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کی۔
دوران سماعت عدالت نے چیف کمشنر کو درخواستوں کو زیر غور لا کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی، عدالت نے کہا کہ پٹیشنر کی درخواست پر فیصلہ کر کے آئندہ سماعت سے قبل جمع کروائیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ سرکاری وکیل کی جانب سے بتایا گیا عدالتی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا، بظاہر یہ عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، چیف کمشنر آئندہ سماعت پر پیش ہو کر بتائیں کہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے؟۔
بعدازاں عدالت نے فواد چودھری کی درخواست پر مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔