اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے سامنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کی ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈی نیٹرز کیلئے آن لائن تربیتی ورکشاپ
خط میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعت نے کمیشن کے سامنے کہا کہ نگران حکومتیں لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا نہیں کر رہیں، جس سے ان کی مہم اور ووٹرز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، سیاسی جماعت نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کر کے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمیشن کو سیاسی جماعت نے برابری کی بنیاد پر انتخابی مہم چلانے کا کہا ہے، نگران حکومتوں کی جانب سے ایک سیاسی جماعت کے ساتھ غیر امتیازی سلوک بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کیلئے تیاری مکمل، 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہوگی: ای سی پی
خط میں کہا گیا ہے کہ آئین و قانون کے تحت نگران حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں، چیف سیکرٹریز ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی۔