نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر ملی، ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟ مریم نواز

Published On 09 December,2023 05:09 pm

جلالپور جٹاں: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا بڑا شور سن رہی ہوں، نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر سننا پڑی، کیا سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو یہ والی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟

یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے موٹرویز، سڑکوں کے جال بچھائے، نواز شریف نے سی پیک بنایا، آپ نے اپنا مستقبل نوازشریف سے جوڑ دیا ہے، نوازشریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، گزشتہ 23 برسوں میں نوازشریف نے ڈھائی سال جیل کاٹی، 11 سال نوازشریف نے جلاوطنی کاٹی۔

مریم نواز نے کہا کہ جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ آیا، عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ کیا، نوازشریف واحد لیڈر ہے آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے، جن مقدمات کی وفات پہلے ہو چکی ان مقدمات کو نوازشریف بھگت رہا ہے، پانامہ جیسا جھوٹا الزام نوازشریف پر لگایا گیا، نوازشریف کو نکال کر جیل میں ڈال دیا گیا، عدالتی نظام میں ناانصافی آسان اور انصاف کرنا مشکل کام ہے، نوازشریف کے لیے بلیک ڈکشنری کا سہارا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کچھ کرداروں نے ترقی کرتے پاکستان کو ٹھپ کر کے رکھ دیا: نوازشریف

سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شرم آنی چاہیے نوازشریف کو 7 سال بعد بھی رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے، نواز شریف نے اربوں، کھربوں کے منصوبے لگائے، کسی ایک منصوبے میں بھی نوازشریف پر کرپشن کا الزام نہیں لگا، اربوں ڈالروکیلوں کو فیسیں دیدیں، پھوٹی کوڑی کا ثبوت نہیں نکال سکے۔

انہوں نے کہا کہ جو جیل میں اپنےاعمال کی سزا بھگت رہا ہے، اس کا نام بھی نہیں لینا چاہتی مگر سچ بتانا میری مجبوری ہے، جیل میں رہنے والا نوازشریف پر چوری کا الزام لگاتا تھا، اس شخص نے بہت جھوٹ بولے ہیں، اس شخص سے انتقام نوازشریف نہیں اس کے اعمالوں نے لیا ہے، نوازشریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سےبڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے وطن واپس آنے کے بعد قوم کی مایوسیاں ختم ہوگئیں: شہبازشریف

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف تین دفعہ وزیراعظم بنا کوئی چوری کا الزام نہیں لگا سکا، وہ ایک دفعہ وزیراعظم بنا تاریخی چوری کی، انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس جانتے ہو ناں، پاکستان کے خون پسینے کی کمائی اس کی جیب میں گئی، اس نے بند لفافہ کابینہ کو دکھایا، 60 ارب کے بدلے اس نے القادر ٹرسٹ بنایا، القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی خود فتنہ اور دوسرا اس کی اہلیہ ہیں۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ جب حساب مانگا گیا تو چہرے پر ڈبہ پہن کر آگیا تھا، سزا سے بچنے کے لیے اس نے 9 مئی کو پاکستان کے کونے کونے میں آگ لگائی، اس نے 60 ارب کی ڈکیتی اور ملک پر حملہ کیا، آج جیل میں کہتا ہے ایکسرسائز کے لیے مشین اور دیسی مرغی دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد پاکستان کی معاشی ترقی روکنا چاہتے ہیں: مریم نواز کی بس پر حملے کی مذمت

انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا شور بڑا سن رہی ہوں، پلیئنگ فیلڈ اگر نواز شریف سے مانگتے ہو تو اس نے 11 سال جلاوطنی کاٹی، نوازشریف کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ 22 سال میں صرف نوازشریف کو ایک الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی، گجرات والو الیکشن کے لیے تیار ہو، جلال پورجٹاں اور پورے پاکستان سے شیر جیتے گا۔
 

Advertisement