سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

Published On 15 December,2023 10:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے، عدالت نے تحریک انصاف کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ درخواست پر سماعت کر رہا ہے، بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شمس محمود، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس جواد حسن شامل ہیں۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ عدالت اس کیس کو باقاعدہ سننے سے پہلے دائر اختیار کا فیصلہ کرے گی، الیکشن کمیشن کی جانب سے کون پیش ہوا ہے۔

ایسوسی ایٹ وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل چھٹی پر ہیں جس پر جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی عدم موجودگی میں کیس سننا مناسب نہیں ہوگا۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ دے رکھی ہے۔

جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ ہم نااہلی کیس میں فریقین کو نوٹس کر کے سن لیتے ہیں، درخواست پر سماعت کا اختیار لاہور ہائیکورٹ کا ہے۔

بعدازاں عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نا اہلی کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے۔

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر کے سماعت ملتوی کر دی۔