لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں خون جما دینے والی سردی کا راج برقرار ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر میں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ آئندہ تین روز تک بارش برسنے کا کوئی امکان نہیں۔
علاوہ ازیں شہر و گردونواح میں آج بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، حد نگاہ کم ہونے پر موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کیا گیا ہے۔
ترجمان موٹرویز کا کہنا ہے کہ موٹرویز کو مسافروں کی حفاظت کیلئے بند کیا جاتا ہے، دھند کے ایام میں صبح 10 سے شام 6 بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں تاہم غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، دوران سفر گاڑیوں پر آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔