پنجاب پولیس نے الیکشن ڈیوٹی کیلئے ایک ارب 19 کروڑ مانگ لئے

Published On 19 January,2024 01:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے الیکشن کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی کی نفری کے کھانے پینے، پٹرول اور دیگر خریداری کے لئے ایک ارب 19 کروڑ مانگ لئے۔

حکام کے مطابق ازسر نو سروے کر کے پولنگ سٹیشنز کی سکیم بھی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی گئی، الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے آئی جی آفس میں کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ کنٹرول روم اے آئی جی آپریشنز کی سربراہی میں کام کرے گا، کنٹرول روم میں 15 اضافی ڈیٹا انٹری آپریٹرز تعینات کردیئے گئے ہیں، کنٹرول روم سے جلسے جلوسوں کے دوران تمام خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹس لی جائیں گی۔

پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں انسپکٹر رینک کے افسران کنٹرول روم میں بروقت رپورٹس کے لئے فوکل پرسنز مقررکر دیئے گئے ہیں، الیکشن ڈے پر ڈیوٹی کے لئے ایک لاکھ 30 ہزار جوان فرائض سر انجام دیں گے۔