لاہور: (دنیانیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے غزہ دنیا کی بدترین جیل ہے پوری دنیا دیکھ رہی ہے مگر کوئی مدد نہیں کر رہا۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا فلسطینی عوام کی مصیبتوں کو دیکھتے ہوئے ان کی مدد کرنے کا عمل شروع کیا، اس وقت غزہ دنیا کی بدترین جیل ہے، 31 ہزار سے زائد لوگ شہید اور 73 ہزار زخمی پڑے ہیں، 13 ہزار بچے شہید ہو چکے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا اس صورتحال میں امت مسلمہ کا فرض بنتا تھا کہ فلسطینی عوام کا ساتھ دیتے، کل بھی حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ نے پاکستان کے وزیراعظم کو خط لکھا ہے، آج ساتواں روزہ ہے مگر جنگ اسی طرح جاری ہے، اسرائیل کے جہازوں نے کیمپوں پر بم باری کی، اتنے دن گزر گئے مگر ابھی تک ہم کچھ نہیں کر رہے، رمضان کے مہینے میں ہر پاکستانی سے اپیل کرتا ہوں کہ غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ دیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ میں جلوس نکل رہے ہیں، غیر مسلم اگر اس ظلم پر احتجاج کر رہے ہیں تو مسلمان حکمران کیوں خاموش ہیں، بازاروں میں اسرائیلی مصنوعات سر عام مل رہی ہیں، غیرت کا تقاضہ ہے کہ اسرائیلی کمپنیوں اور مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، شہباز شریف سے اپیل کروں گا کہ عالمی سطح پر غزہ کی مدد کریں۔