بانی پی ٹی آئی سے کون اور کب ملاقات کر سکے گا؟ ایس او پیز طے، فوکل پرسن مقرر

Published On 30 March,2024 12:48 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی سے کون اور کب ملاقات کر سکے گا؟ اس حوالے سے نئی پیش رفت سامنے آ گئی، سابق وزیراعظم اور جیل سپرنٹنڈنٹ کے درمیان ایس او پیز طے پا گئے۔

جیل میں ملاقات کے حوالے سے بنائے گئے ایس او پیز پر بانی پی ٹی آئی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے دستخط کیے جس کے مطابق جیل میں ملاقاتوں کے لیے بانی پی ٹی آئی نے 3 فوکل پرسنز مقرر کیے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت، بیرسٹر عمیر نیازی فوکل پرسن ہوں گے، جیل میں ملاقاتوں کے لیے ہر فوکل پرسن 2 نام دے گا، ہفتے میں 2 دن یعنی منگل کو فیملی، جمعرات کو وکلا و دیگر کے ساتھ ملاقات ہوا کرے گی۔

ایس او پیز کے مطابق عدالتی احکامات پر ملاقات کرنے والوں کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کی رضا مندی سے مشروط ہو گا۔

جیل رپورٹ کے مطابق 26 مارچ کو 10 اور 28 مارچ کو 18 افراد نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ہے۔