اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس بنانے کے معاملے کے بعد پی ٹی آئی، ایم ڈبلیو ایم، بی این پی مینگل، سنی اتحاد کونسل اور پختونخوا میپ حکومت مخالف تحریک پر متفق ہوگئی۔
اپوزیشن اتحاد کا پہلا جلسہ کوئٹہ میں 14 اپریل کو کیا جائے گا، جلسے میں تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب شرکت کریں گے، اپوزیشن اتحاد نے رابطہ ٹیم بھی تشکیل دے دی، لیاقت بلوچ پنجاب میں دیگر جماعتوں سے رابطہ کرکے اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں متحد: پی ٹی آئی کا گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ
اختر مینگل جے یوآئی سمیت سندھ کی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جنوبی پنجاب اور سینٹرل پنجاب میں مشترکہ جلسے کئے جائیں گے، مشترکہ جلسے کرنے کیلئے تمام پارٹیوں کی مشاورت سے تاریخوں کا اعلان ہوگا، تحریک کا موٹو ’’سیاست میں عدم مداخلت، عوام کی سپریمیسی، آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی‘‘ ہوگا۔
جماعت اسلامی نے گرینڈ الائنس میں شمولیت کا عندیہ دے دیا، جماعت اسلامی مجلس شوریٰ کی منظوری کے بعد حتمی اعلان کرے گی۔