اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر صاحب ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود معاشی طور پر کمزور لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 2کروڑ 60 لاکھ بچےسکولوں سے باہر، ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے: وزیراعظم
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ عید کے اس موقع پر ہم مٹی کے اُن بیٹوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کے امن و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی خضدار اور کچلاک میں دھماکوں کی شدید مذمت
انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر اپنے ان بہادر سپوتوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو ہر قسم کے جغرافیائی و موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر خوشی کے اس موقع پر اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت، ملکی امن و امان اور دنیا بھر میں امن مشنز میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، وطن کے یہ بہادر بیٹے اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے مجھ سمیت پوری قوم کے احترام اور عقیدت کے جذبات ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ غاصب قوتوں کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار اپنے نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کردی
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زندگیوں کو دین اسلام کی اصل روح کے مطابق گزارنے اور اسلام کے انسانیت کی بھلائی کے دیرینہ اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پوری دنیا میں امن و بھائی چارہ قائم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔آمین۔