موجودہ حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر بنی، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا: عمر ایوب

Published On 12 April,2024 07:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر بنی ،8 فروری کو الیکشن میں پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا گیا۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو جیل میں ڈالا گیا، مخالفین کہتے تھے ہمیں امیدوار نہیں ملیں گے، تحریک انصاف کو امیدوار بھی ملے اور کامیاب بھی ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جو سمجھتے تھے پارٹی ختم ہوجائے گی یہ ان کی خام خیالی ثابت ہوئی، ایوان کی یہ اپوزیشن مضبوط ترین ہوگی، پاکستان میں آئین اور قانون کا فقدان ہے، قانون کی پاسداری ہوگی تو ملک آگے بڑھے گا۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا خط سامنے آیا، ان ججز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی گئی، سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملے۔