اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ضمنی انتخابات: مختلف پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑے، لیگی کارکن قتل، 3 زخمی
اس کے علاوہ پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں بھی اسی روز دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے عام انتخابات کیلئے امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔
انٹرنیٹ سروس معطل
لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اور پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چٹھہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی، موبائل فون سروس کی بندش انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔
فوج تعیناتی کی منظوری
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیتے رہے۔
مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا تھا، سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور شکایات درج کرانے کی سہولت دی گئی تھی۔