راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں معاف کرنے کے لیے تیار ہوں، ہم اب انشا اللہ ڈائیلاگ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں آگے بڑھائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، آج اڈیالہ جیل میں القادر کیس بھی تھا، آج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات میں مختلف موضوعات زیر بحث آئے، بانی پی ٹی آئی کی ایک درخواست ہے جو ہائیکورٹ لے کر جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ میں بانی پی ٹی آئی کی بات گیارہ بار بھی بیٹوں سے نہیں کرائی گئی، ہم عدالت جائیں گے، آج بھی بانی پی ٹی آئی نے اعادہ کیا ہے کہ سب کے ساتھ آئین وقانون کی بالادستی کیلئے بات کریں گے۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے معاشی حالت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا ہے، دورہ چین کے بعد بھی کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی، انہوں نے کہا کہ عدلیہ ہمارے کیسز پر قانون کے مطابق فیصلے صادر کرے۔
انہوں نے کہا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، زیادتی بھی ہم سے ہوئی ہے، ہم پھر بھی کوشش کر رہے ہیں، ڈائیلاگ کی بات دونوں طرف سے ہونی چاہئے، ہم ڈیل نہیں ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ سیاست کوئی اور رخ اختیار کرے، ہم معاملات کی بہتری کیلئے ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں۔