بینظیر بھٹو امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں: بلاول بھٹو زرداری

Published On 21 June,2024 11:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا بی بی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی قیادت وژن، اقدار اور ترقی کا مجسم نمونہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یومِ پیدائش ہونے کے باعث 21 جون قوم کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے، وہ امید، بہادری اور حوصلے کی کرن تھیں، انہوں نے پاکستان کو سائنسی، معاشی اور صنعتی شعبوں میں آگے بڑھایا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بی بی شہید نے رواداری و اتحاد کے فروغ، شہری آزادیوں کے تحفظ اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے انتھک جدوجہد کی، بینظیر بھٹو شہید سب کیلئے مساوی مواقع پر یقین رکھتی تھیں، بی بی شہید ایسے پاکستان کا تصور رکھتی تھیں جہاں خوشحالی مشترکہ ہو اور کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریتوں کی جانب سے جھوٹے مقدمات اور قید تنہائی کا سامنا کرنے کے باوجود بی بی شہید اپنی آخری سانس تک ظلم و جبر کے خلاف لڑتی رہیں، انہوں نے ہمیں معاف کرنے کی طاقت سے بھی روشناس کرایا۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سکھایا کہ حقیقی قیادت ذاتی بغض و عناد سے بالاتر ہوتی ہے، ہم یکساں حقوق و فلاحی ریاست کے قیام کیلئے ناانصافی و استحصال کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو ! آپ کا جذبہ زندہ اور تعلیمات قائم ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم آپ کو یاد کرتے ہوئے آپ کی اقدار سے اپنی اٹل وابستگی کا تجدید عہد کرتے ہیں، دعاگو ہوں کہ ہم آپ کی جرات اور پاکستان کیلئے آپ کی غیر متزلزل لگن سے ہمیشہ حوصلہ حاصل کرتے رہیں۔