پاک چین سیاسی جماعتوں کا اکٹھا ہونا خوش آئند، تعاون جاری رہے گا: لیو جان چاؤ

Published On 21 June,2024 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وزیر لیوجان چاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی سیاسی جماعتوں کا اکٹھا ہونا خوش آئند ہے، چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

پاک چین مشترکہ مشاورتی اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور بین الاقوامی محکمے کے وزیر لیوجان چاؤ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، پاک چین دوستی کی بنیاد عوامی حمایت کی مرہون منت ہے، میڈیا ، طلبا اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان اور چین کے تعلقات اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، اسحاق ڈار

پاک چین مشترکہ مشاورتی اجلاس سے اختتامی کلمات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، سی پیک نےدونوں ملکوں کے کثیرجہتی تعلقات کو نئی جہت دی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک ہماری حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم ستون ہے، سی پیک چین کے لیے خطے کے دوسرے ملکوں سے رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں دونوں ملکوں نے صنعت، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو اَپ گریڈ کرنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے میں صنعتی پارکس اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے، تجارت اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے متعدد مواقعوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں عوام کی امنگوں اور خوابوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔