کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 26-2025 میں سکول سے باہر تین لاکھ بچوں کو داخل کرنے کا ہدف دیتے ہوئے کہا میں چاہتا ہوں ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایک ہزار ڈجیٹل کلاس 26-2025 میں شروع کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ کا 13 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2644 سکول چلا رہی ہے، جن میں 614 پرائمری، 1361 ایلیمینٹری، 185 مڈل یا ہائی سکول، 412 سیکنڈری اور 72 ہائر سیکنڈری سکول شامل ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 2644 سکولوں کے علاوہ 34 پیپلز سکولز، 145 سینٹرز اور 66 مائیکرو سکولز بھی ہیں، ان تمام سکولوں میں دس لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، 4452 بچے سکالرشپ حاصل کر رہے ہیں جبکہ 804 سکالرشپ والے بچے پاس آؤٹ کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکلز ڈویلیمنٹ بھی کرے تا کہ بچے روزگار سے لگ سکیں، وزیر تعلیم سید سردار شاہ اشہد نے بتایا کہ سکولوں کی انسپیکشن کا سسٹم بنا رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 100 سکولوں میں چائنیز زبان سکھانے کی ہدایت بھی کی اور وزیر تعلیم سے کہا کہ تدریسی نظام کو مزید بہتر کیا جائے، اس تعلیمی سال خود بھی سکولوں کا دورہ کروں گا۔