کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے سلسلہ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فائر ورکس آج شب 12 بجے ہو گا، فائر ورکس کے لئے دبئی سے ماہرین کی ٹیم گورنر ہاؤس پہنچ گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سندھ میں کل تاریخ کا سب سے بڑا جشن آزادی منایا جائے گا، اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی کل خصوصی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچیں گے، ارشد ندیم عوام کے درمیان ہوں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس سندھ کے دروازے عوام کے لیے آج اور کل کھلے رہیں گے، 5 لاکھ سے زائد افراد کی کل کے جشن آزادی میں شرکت متوقع ہے، تاریخ میں پہلی بار معروف گلوکار عاطف اسلم عوام کے لئے پر فارم کریں گے، عوام انہیں گورنر ہاؤس میں براہ راست سنیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ماضی میں بڑے فنکار صرف خاص لوگوں کے لئے آتے تھے، ہم نے اس روایت کو بھی توڑ ڈالا، یہ آپ کے عوامی گورنر کا عوامی اقدام ہے، 14 اگست کے جشن آزادی میں لیزر شو بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں مختلف انعامات بھی عوام کو دیئے جائیں گے، ایک ہزار سے زائد انعامات تقسیم کریں گے، کھانے کے سٹالز سے ایک روپیہ میں عوام خوب کھا سکتے ہیں، کھانے کے سٹالز پر گول گپے، لمکا اور فروٹ چاٹ بھی ہوگی۔
کامران خان ٹیسوری نے کہ اکہ جشن آزادی میں شرکا کی منرل واٹر اور کولڈ ڈرنکس سے تواضع کی جائے گی، عوام آج رات فائر ورکس کے لئے رات ساڑھے 10 سے 11 بجے پہنچ جائیں، کل جشن آزادی کے لئے شام 7 بجے آنا ہوگا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جشن آزادی میں لاکھوں لوگوں کو بھرپور انداز میں تفریح مہیا کریں گے۔