لندن: ( دنیا نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں 78 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم فضا میں بلند کیا۔
خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایک ایسے وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں، جہاں برصغیر کے مسلمان عزت اور فخر کے ساتھ رہ سکیں۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو پاکستان کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا اور مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے علامہ اقبالؒ کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ہائی کمشنر نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے قرض دار ہیں جو کبھی ادا نہیں ہو سکتا، سفیرپاکستان نے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے پاکستان کی ہر فورم پر حمایت کا اعادہ کیا جو اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے برٹش پاکستانیوں کی محنت، لگن اور جذبے کا اعتراف کیا جو پاکستان اور برطانیہ کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کہانی آج بھی وہ بہادر مرد و خواتین لکھ رہے ہیں جو ہر محاذ پر پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کرتے ہیں۔
ہائی کمشنر نے خوشحال، مضبوط اور پُرامن پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے دوران ہائی کمشنر نے صدر پاکستان کی جانب سے آصف رنگون والا، ڈاکٹر جاوید احمد شیخ، پروفیسر محمد امجد شاد اور ایم پی خالد محمود کو سول ایوارڈز سے نوازا جبکہ پاکستانی بہادر نوجوان عبداللہ کو بھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے لندن کے لیسٹر اسکوائر پر ایک حملہ آور کا بہادری سے مقابلہ کیا اور ماں اور ایک بچی کی جانیں چاقو کے حملے سے بچائیں۔
پاکستان کے پہلے جیولین تھرو اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اعزازات کا حوالہ دیا گیا، بعد ازاں ہائی کمشنر نے اپنی اہلیہ اور مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کا 78 واں یوم آزادی منانے کے لیے کیک کاٹا۔
تقریب میں برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ، سفارت کاروں، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔