26 تا 29 اگست پنجاب اور سندھ میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

Published On 24 August,2024 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 26 سے 29 اگست کے دوران پنجاب اور سندھ میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا، جس کے مطابق سندھ کے کچھ علاقوں میں مختصر دورانیے میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے پوٹھوہار ریجن، راولپنڈی، گوجرانوالہ میں 26 سے 29 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، لاہور شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق ڈی جی خان راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان کے ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں کے علاوہ دادو، حیدرآباد، بدین اور شہداد پور میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔