کراچی : (دنیانیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شوبازیوں پر یقین نہیں رکھتی، وہ کام کیے ہیں جس سے لوگوں کو عمر بھر ریلیف ملے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بارشوں کا ہیوی سپیل کئی اضلاع میں چل رہاہے ، وزیراعلیٰ نےپہلےہی انتظامیہ کو متحرک کردیاتھا ، میئر ، وزرا اور معاونین خصوصی حلقوں میں انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بدین میں سب سےزیادہ 168ملی میٹر بارش ہوئی، شہید فاضل راہو تحصیل میں190ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جہاں بارشی پانی آیا وہاں نکاسی کیلئے انتظامیہ متحرک ہوئی، کوٹ غلام محمد میں 134ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میر پور خاص میں 157ملی میٹر اور اس بار سب سے زیادہ بارش کا پریشر بدین میں آیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ اس بارشی سپیل سے 6قیمتیں جانیں گئیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے، نکاسی آب تب تک ممکن ہے جب تک پمپنگ مشینیں چلیں، کل بلاول بھٹو زرداری نے 2لاکھ خاندانوں کوریلیف دیا، ہم 2لاکھ خاندانوں کی بجلی دو ماہ یا دوسال کیلئے سستی نہیں کررہے، ہمارے سولر سسٹم کی وجہ سے عمر بھر کیلئے لوگوں کو ریلیف ملا ہے، کسی بھی صوبے میں عوام کو مفت میں سولر سسٹم نہیں دیئے گئے۔
صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے تھرپارکر کے کوئلے پر کام شروع کیا، پاکستان کی تقدیر تھرپارکر کا کوئلہ بدلے گا، سیلاب سندھ کے علاوہ پنجاب ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی آئے، پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کیلئے سندھ میں 21لاکھ گھر بنارہی ہے، پیپلز پارٹی شوبازیوں پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے وہ کام کیے جس سے لوگوں کو عمر بھر کیلئے ریلیف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں صحت ،علاج کیلئے بہترین ہسپتال موجود ہیں، جو لوگ بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں ان کے صوبوں سے لوگ علاج یہاں کرانے آتے ہیں، باقی صوبے بھی سائبر نائف بنائیں، لیور کا مفت ٹرانسپلانٹ کریں، پیپلز پارٹی لوگوں کی مدد کررہی ہے، وہ وقت دور نہیں جب پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی ہر عوام ہماری ہے،سب کو ریلیف دینا ہمارا کام ہے، ہم ٹرانسپورٹ میں بھی محنت کررہے ہیں، ہم پاکستان کی پہلی پنک بس سروس لے کر آئے، ہم پاکستان کی پہلی ای وی ٹیکسی سروس بھی لے کر آرہے ہیں، ہم ٹرانسپورٹ میں بھی محنت کررہے ہیں، پاکستان کی ہر عوام ہماری ہے،سب کو ریلیف دینا ہمارا کام ہے۔
شرجیل میمن نے صوبے میں منشیات فروشی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے نارکوٹکس پر صد ر آصف علی زرداری کی ہدایت پر جہاد کا اعلان کیا ہے، ان لوگوں کی حوصلہ افزائی نہ کریں جو منشیات کا کاروبار کررہے ہیں، ہمیں اسمبلی نے بھی منشیات کے خلاف مینڈیٹ دیا ہے، ہم منشیات فروشوں کے خلاف ایکشن مزید تیز کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ معلومات مل رہی ہیں کہ پرائیویٹ پارٹیوں اور گھروں میں بھی منشیات کا استعمال ہورہا ہے، ہم منشیات کے خلاف مجبوراً گھروں میں بھی گھسیں گے، ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں،منشیات فروشوں سے ہماری جنگ ہے، تمام منشیات فروش گینگ پکڑے جائیں گے اوربہت برا حشر ہونے والا ہے۔