لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کے لیے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کر کے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے چودھری پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ موجودہ درخواست میں وہی استدعا کی گئی ہے جو اس سے پہلے دائر درخواست میں کی گئی تھی۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کر کے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی عدالتوں سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، پرویز الہٰی 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ کرنے اور برطانیہ جانا چاہتے ہیں، عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ناموں کو نکالنے کا حکم دے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔
یاد رہے کہ 8 جولائی 2024 کو لاہور ہائی کورٹ نے صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الہٰی، ان کے بیٹے راسخ الہٰی اور بہو زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔