کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے چین کے سفیر اور امریکا کے نئے تعینات قونصل جنرل نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکلر ریلوے منصوبہ کی تکمیل، آئی ٹی شعبہ میں تعاون خطہ کیلئے مفید ثابت ہوگا، صوبہ کا پائیدار امن سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش ہے۔
چینی سفیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، کراچی واقعی معاشی حب ہے، قائداعظم کو چینی قوم عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات تاریخ ساز ہیں، دوطرفہ لیڈرشپ کے وژن کے مطابق اقدامات یقینی بنائےجا رہے ہیں، چین کے سفیر نےشجر کاری مہم کے تحت گورنر ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔
امریکا کے قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ان کی پاکستان میں تعیناتی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں امریکی سرمایہ کاری سےغربت میں کمی اور روزگار کے مواقع یقینی ہیں۔