لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، جس میں ٹیوٹا کی کارکردگی، اداروں میں ہیومن ریسورس کی ریشنلائزیشن سمیت نئی بھرتیوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ٹیوٹا کے اداروں میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کیلئے نئی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد ٹیوٹا کے اداروں میں 13 سو ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف بھرتی کیا جائے گا، بھرتی کا عمل مکمّل شفافیت اور میرٹ پر ہو گا۔
ٹیوٹا کے تنظیمی ڈھانچے میں بہتری کیلئے رولز میں ترامیم کا بھی فیصلہ کر لیا گیا، چیف منسٹر سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ٹیوٹا کے اداروں میں کنسٹرکشن کے 8 اور ہاسپیٹیلٹی کے 3 شارٹ کورسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کورسز 3 سے 6 ماہ کے ہوں گے تاہم پی سی ون کی منظوری کے بعد دسمبر میں کورسز کا آغاز کر دیا جائے گا جبکہ 3 برسوں میں کنسٹرکشن میں 5850 جبکہ ہاسپیٹیلٹی 200 بچوں کو تربیت دی جائے گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیوٹا کے اداروں میں سولر سٹڈی کے کورسز شروع کرائے ہیں۔
صوبائی وزیر نے ٹیوٹا کے اداروں میں اساتذہ، طلبا اور دیگر سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کا سسٹم جلد لاگو کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے، پاکستان بالخصوص پنجاب کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اس موقع پر چیئرمن ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ ساجد کھوکھر، سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ، چیف آپریٹنگ آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔