اسلام آباد :(دنیا نیوز) حکومتی وفد اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی ، حکومتی وفد وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ پر مشتمل تھا۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وفد کا مولانا سے مجوزہ آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال ہوا، مولانا نے حکومتی وفد سے اسمبلی اور سینیٹ میں ترمیم کے حمایتی ارکان سے متعلق تفصیلات مانگ لیں جبکہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترمیم میں شامل کئی نکات سے عدم اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومتی وفد کی آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے مولانا فضل الرحمان کی منت سماجت کی جس پر مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی پی ٹی آئی کا وفد بھی ملاقات کے لیے پہنچ رہا ہے، پی ٹی آئی سے بھی مشاورت ہونی ہے، دیکھتے ہیں وہ کیا تجویز لے کر آتے ہیں۔
علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے حکومتی وفد کو فوری طور پر کوئی یقین دہانی کرانے سے گریز کرتے ہوئے جواب دیا کہ پارٹی سے مزید مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کریں گے۔