پنجاب کابینہ کی 7 ہزار سے زائد کالج ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کرنے کی منظوری

Published On 24 September,2024 05:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے صوبہ بھر میں7 ہزار سے زائد کالج ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 16واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

دوران اجلاس صوبائی کابینہ نے پنجاب بھر میں 7354 کالج ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کرنے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں ہاؤسنگ کی جامع پالیسی بھی طلب کر لی۔

کابینہ ارکان نے رحیم یار خان اور کچے کے علاقے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ کچے کے علاقے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لئے خصوصی الاؤنس کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں ورکنگ ویمن کے ہاسٹلز چارجز بڑھانے سے روک دیا، اجلاس میں پنجاب میں ایم ڈی کیٹ امتحانات کے پر امن انعقاد کو سراہا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بصارت سے محروم خصوصی افراد کے لئے ماہانہ پیکیج پلان بھی طلب کر لیا۔

مریم نواز نے حالیہ سیلاب سے جانی نقصان نہ ہونے پر منسٹر اری گیشن کاظم پیرزادہ اورمحکمہ انہار کو شاباش دی جبکہ انڈومنٹ فنڈفار رائٹرز ویلفیئر کے لئے 50 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری بھی دے دی۔