لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ’’ بیداری‘‘ کی 36 طالبات پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔
بیداری کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب کی سربراہی میں وفد میں مختلف سکولوں کی 36 طالبات شامل تھیں، عنبرین عجائب نے بیداری کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، طالبات نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشل طالبہ کو اپنے قریب بٹھایا اور اظہار شفقت کیا، گرلز سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا، پنجاب کے سکولوں میں گرلز کا عالمی دن منانے پر اتفاق ہوا۔
مریم نواز شریف نے طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ویمن ورچوئل سٹیشن، پینک بٹن اور سیفٹی ایپ کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے شرکاء کو سی ایم سکول میل پروگرام کی تفصیلات کے بارے میں بھی بتایا اور طالبات کے ساتھ تصاویر بنوائیں، طالبات کے ساتھ اظہار شفقت، بچیوں سے سکولوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے طلبہ کے لئے سکالر شپ لیپ ٹاپ اور ای بائیکس سمیت دیگر پراجیکٹس لا رہے ہیں۔
طالبات کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں، اللّہ تعالیٰ آپک و مزید کامیابیوں سے نوازے۔
ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔