اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جو ڈرافٹ ہمارے پاس آیا ہے اس پر اتفاق رائے نہیں ہوا۔
پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا صاحب کے ساتھ ہمارا بڑا اچھا وقت گزرا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مولانا کے کردار کو سراہا ہے، مولانا نے ہمارے ساتھ میٹنگز کی ہیں اور یہی جمہوری عمل ہوتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس نے بھی عمران خان کے غصے کی بات کی غلط کی، بانی پی ٹی آئی نے ایک لفظ نہیں کہا سب جھوٹ ہے، بانی پی ٹی آئی نے کوئی احتجاج کی کال نہیں دی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی اپنی ذات کا ذکر نہیں کرتے، وہ کہتے ہیں عوام کی توجہ ہٹ جائے گی، اگر لوگوں کو ایسے اٹھانا ہے تو یہ جمہوریت نہیں ہے، ایسے لوگوں کو اٹھانا ہے تو وزیراعظم کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے پارلیمانی نمائندے پارلیمان میں آئیں گے، توقع کرتے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔