بشریٰ بی بی کی رہائی میرٹ پرہوئی ، جلد عمران خان بھی عوام میں ہونگے : بیرسٹر گوہر

Published On 24 October,2024 03:01 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر کاکہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میرٹ پر ہوئی، وہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ رہیں، بہت جلد بانی پی ٹی آئی بھی عوام میں ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے کرم سے بشریٰ بی بی کی 9 ماہ بعد رہائی ممکن ہوئی، بشریٰ بی بی نے بہت دلیری کے ساتھ جیل برداشت کی ، انہوں نے خود گرفتاری دی تھی، وہ  اب سے کچھ دیر بعد بنی گالہ آجائیں گی ، اگر کوئی ڈیل ہوتی تو وہ اتنے ماہ جیل میں نہ رہتیں ، بانی پی ٹی آئی بھی جلد رہا ہوں گے، انشاءاللہ بانی پی ٹی آئی  کی رہائی عدالتوں سے میرٹ پر ہوگی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ سے  دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا ، بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ لسٹ میں نام نہیں تھا، انہیں جیل میں رکھنے کا یہ ایک بہانہ تھا، انہیں جیل میں صرف عمران خان پر دباؤ لانے کیلئے رکھا گیا،  ہم سارے لوگ بشریٰ بی بی کے ساتھ ہوں گے، عوام بانی پی ٹی آئی ان کے نظریے،بشریٰ بی بی کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دیوار پر لکھا نظر آرہا تھا کہ اور ان کو کس چیز پر گرفتار کریں، بانی پی ٹی آئی کا ہم پر اعتماد ہے، ہم دن رات بانی پی ٹی آئی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، یہ دوری ختم ہوگی، بشریٰ بی بی کے باہر آنے سے بہت سے مسائل حل ہوں گے، بشریٰ بی بی کسی تحریک میں شریک نہیں ہوں گی،نہ پہلے کبھی لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، صرف بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انشاءاللہ سب ناکام ہوں گے اور بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہوگی،عمران خان  اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کیلئے غلط میسج پھیلائے جاتے ہیں۔

آئینی ترامیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 26ویں ترمیم کو ہم نے قبول نہیں کیا تھا، ہم 26ویں ترمیم کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

واضح رہے کہ بانی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔