اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہ کرانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ اور فیصل چودھری کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپنے دستخط سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست دی، عمر ایوب، شبلی فراز، اسد قیصر سمیت چھ رہنماؤں کی فہرست دی گئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کئی گھنٹے انتظار کرانے کے باوجود ملاقات نہیں کرائی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔