بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج ہوگا

Published On 27 November,2024 10:13 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج ہوگا، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے قرارداد بلوچستان اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق قرارداد اسمبلی ایجنڈے میں شامل ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کل قرارداد پیش کریں گے۔

قرارداد کے متن کے مطابق پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار پھیلانے ، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کو عوام سے لڑانے کی کوشش کی، پی ٹی آئی نے 9 مئی کو مک گیر فسادات برپا کئے۔

متن کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پر تشدد کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ایک صوبے کے آئینی وزیر اعلیٰ کے وفاق اور فیڈریشن کے خلاف محاذ آرائی ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا آگے بڑھانے کے مترادف ہے۔

قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ حقائق کی بنیاد پر وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر فوری طور پر پابندی لگائے۔