بونسائی فن اور قدرتی خوبصورتی کا امتزاج، کراچی میں 3 روزہ نمائش

Published On 30 November,2024 11:28 am

کراچی: (حنا اسلم) بونسائی فن اور قدرتی خوبصورتی کا امتزاج ہے، کراچی میں بون سائی آرٹ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جو تین روز تک جاری رہے گی۔

بونسائی آرٹ عالمی سطح پر مقبول ہو رہا ہے، یہ آرٹ اب صرف جاپان یا چین تک محدود نہیں رہا بلکہ دنیا بھر میں بونسائی کی مختلف نمائشیں اور مقابلے کروائے جاتے ہیں۔

بونسائی فن نہ صرف قدرتی خوبصورتی کو محفوظ رکھتا ہے بلکہ انسان کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھی اظہار کرتا ہے، بونسائی آرٹ انسانی زندگی میں صبر اور توازن کے لیے بہترین معاون ہے، انسانی ہاتھ سے بنا یہ آرٹ کئی سال پرانے چھوٹے درختوں کی شکل میں موجود ہے۔

نمائش میں 40 سال پرانے بونسائی بھی رکھے گئے ہیں جس میں پھل لگے ہوئے ہیں، ان درختوں کی روزانہ دیکھ بھال کی ضرورت نہیں ہوتی، یہ بغیر پانی کے بھی کچھ عرصہ رہ سکتے ہیں۔

باغبانی کے شوقین افراد سالوں پرانے یہ درخت اپنے گھر میں لگا کر گھر کی خوبصورتی کو چار چاند لگا سکتے ہیں۔