لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے معروف اور ہر دلعزیز دنیا نیوز نیٹ ورک نے آج کامیابی کے ساتھ 16 سال مکمل کر لیے، اعلیٰ صحافتی اقدار، غیرجانبدارانہ رپورٹنگ اور جاندار تجزیے ہمیشہ سے دنیا نیوز کی پہچان رہے۔
دنیا نیوز نے اپنی ٹرانسمیشن کے پہلے روز سے اب تک ہمیشہ ایکسکلوسیو رپورٹنگ کی ہے، سب سے پہلے اور بہترین انداز میں خبر دینے کی روایت برقرار رکھی، سیاست،عدلیہ، پاکستان میں عام انتخابات ہوں یا امریکی الیکشن، برق رفتاری سے اپنے ناظرین کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنی خصوصی خبروں سے ناظرین کو باخبر رکھا۔
سیاست میں ہلچل ہو یا عدلیہ سے بڑی خبریں "دنیا نیوز" سب سے تیز اور سب سے آگے رہا، پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے چناؤ کی پل پل کی خبر سے ناظرین کو باخبر رکھا، شعبہ صحت میں کرپشن ہو، یا کوئی بھی سیاسی پیش رفت "دنیا نیوز" نے ہمیشہ سب سے پہلے خبر آپ تک پہنچائی۔
10 جون کو پنجاب میں ہتک عزت کے نئے قانون کی خبر سب سے پہلے "دنیا نیوز" نے نشر کی، فروری میں عام انتخابات کے نتائج میں "دنیا نیوز" نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، "دنیا نیوز" 3 جنوری کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے اثاثے منظر عام لایا۔
جنرل الیکشن کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں مفاہمتی فارمولا طے پایا، 12 فروری کو یہ خبر بھی صرف "دنیا نیوز" پر ہی تھی۔ 8 مارچ کو محسن نقوی کے سینیٹر کا الیکشن لڑنے کی خبر سب سے پہلے دی۔
عدالتی خبروں کے حوالے سے 2024 اہم رہا تو "دنیا نیوز" بھی ان کو پیش کرنے میں پیچھے نہیں رہا، 2 جنوری کو جسٹس شاہد جمیل خان کے اچانک مستعفی ہونے کی خبر بھی "دنیا نیوز" نے پہلے دی۔
12جون کو مستقل چیف جسٹس کے بجائے سینئر جج شجاعت علی خان کو قائم مقام چیف جسٹس بنانے کا فیصلہ اور 24 جون کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی خبر بھی صرف "دنیا نیوز" پر آئی۔
24 جون کو چیف جسٹس ملک شہزاد، جسٹس شاہد بلال اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کا فیصلہ، 2 جولائی کو تاریخ میں پہلی بار چیف جسٹس کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی نیوز پہلے نشر ہوئی۔
25 اکتوبر کو جسٹس منصور علی شاہ کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی الوداعی تقریب میں شرکت سے انکار اور جسٹس منصور علی شاہ کا خط "دنیا نیوز" سب سے پہلے منظر عام پر لایا۔
11 جولائی کو ودہولڈنگ ٹیکس لگانے کے خلاف ملک بھر کی فلور ملز کی بندش کی خبر، 9 اگست کو یونین کونسل کے اعتبار سے لاہور کا نیا نقشہ بھی صرف "دنیا نیوز" نے دکھایا۔
27 اگست کو محکمہ فوڈ ختم کرنے کی خبر، 24جون کو لاہور تعلیمی بورڈ کا سکینڈل بھی "دنیا نیوز" سامنے لایا، 15 ستمبر کو پنجاب حکومت کا پہلا فلیگ شپ پراجیکٹ نواز شریف آئی ٹی سٹی منصوبہ اور نالج سٹی سے متعلق خبر بھی "دنیا نیوز" نے ہی بریک کی۔
کراچی بیورو
"دنیا نیوز" کراچی بیورو نے ہمیشہ شہر کے مختلف مسائل پر بھرپور آواز اٹھائی ہے، مختلف رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی گیس سلنڈر فلنگ سٹیشنز کی بات ہو یا سرکاری ہسپتالوں اور سرکاری سکولوں کی حالت زار، مہنگائی و مالی پریشانیوں کے باعث لوگوں میں بڑھتے نفسیاتی مسائل ہوں یا پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے مضر اثرات "دنیا نیوز" نے ہر مسئلے کو نمایاں کیا۔
شہر قائد میں درختوں کی کٹائی شروع ہوئی تو "دنیا نیوز" نے سب سے پہلے آواز بلند کی، شہر میں بڑھتے سٹریٹ کرائم پر تفصیلی ٹرانسمیشن کی، لانڈھی میں جاپانی باشندوں کی گاڑی پر حملہ کی خبر ہو یا تفتیشی مراحل میں پیشرفت، ایئر پورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر حملہ ہو یا حملہ آور کی شناخت اور حقائق تک پہنچنے کی کھوج، کراچی بیورو رہا سب سے آگے، شہر قائد میں سولر پینلز لگانے کا ریکارڈ ہو یا ہتھنی "مدھو بالا " کی سفاری پارک منتقلی، ہر خبر کی ایکسکلوزیو کوریج کی گئی۔
دنیا نیوز پشاور
دنیا نیوز پشاور نے ہمیشہ حقیقی اور سچائی پر مبنی خبروں کی اپنی روایت کو برقرار رکھا، سال کے پہلے ہی مہینے سے ایکسکلوسیو خبروں پر کام کیا گیا، خیبر پختونخوا میں محکمہ تعلیم، صحت کی ناقص کارکردگی سے متعلق خبروں کے علاوہ ایڈز، ہیپاٹائٹس اورتھیلے سیمیا کے مریضوں کے لئے مختص فنڈز کو دیگر آپریشنل اخراجات پر خرچ کرنے کی خبریں سامنے لائی گئیں۔
کےپی حکومت کا ٹین بلین ٹری منصوبہ تکمیل سے پہلے ہی بند ہونے کے خدشات کے حوالے سے بھی ایکسلوسیو خبریں دی گئیں، موسمیاتی تبدیلیوں اور آفات پر عوامی تشویش ہو یا صوبے میں موجودہ سیاسی صورت حال سے متعلق سیاسی معاملات کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ملتان بیورو
دنیا نیوز ملتان بیورو بھی جنوبی پنجاب کی خبریں ناظرین تک پہنچانے میں کسی سے پیچھے نہیں، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا معاملہ ہو یا ملتان میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ ہمیشہ خبروں سے پہلے آگاہ کرتا رہا۔
فیصل آباد بیورو
فیصل آباد بیورو نے بھی شہر میں جاری سیف سٹی منصوبے کی تاخیر، کیمرے اور تار چوری ہونے کا سنگین معاملہ اٹھایا تو افسران حرکت میں آگئے، محکمہ صحت اور ہسپتالوں کی کارکردگی پر نگاہ رکھی۔
علاج گاہوں میں نرسوں کی شدید کمی سے متعلق خبر نشر ہونے پر صوبائی حکومت نے داخلوں کا کوٹہ دو گنا کرکے نرسنگ سکولوں میں شام کی کلاسوں کا اجراء کیا۔
عوامی مسائل کی سب سے پہلے نشاندہی اور لوگوں کی آواز متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں "دنیا نیوز" سب سے آگے ہے۔
دنیا نیوز کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، "دنیا نیوز" کے نمائندگان، صحافتی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے جگہ جگہ کیک کاٹے گئے۔