کوئٹہ :کوئلہ کان میں دھماکہ، جاں بحق 4 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

Published On 10 January,2025 05:28 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) کوئلہ کان میں دھماکہ سے جاں بحق 4مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق نواحی علاقے سپین کاریز سنجدی کے مقامی کوئلہ کان میں گزشتہ رات زہریلی گیس بھرنے کے باعث دھماکہ ہوا، دھماکے کے بعد کان بیٹھ گئی۔

کان بیٹھنے سے12 مزدور اندر پھنس گئے تھے ، ریسکیو آپریشن کے دوران 4 مزدور کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ کان کے داخلی دروازے سے ملبے کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹایا گیا۔

دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر ریسکیو اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ کان کن 4200 فٹ گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں، کان میں پھنسے کان کنوں کے زندہ بچنے کا امکانات بہت کم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کان میں بجلی کی ایک ہی لائن تھی جو حادثے میں تباہ ہو گئی ، پنکھا چلانے کے لئے بجلی کی دوسری لائن بچھانے اور ملبہ ہٹانے کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

واضح رہے سال 2024ء میں46  کوئلہ کان حادثات میں 82 کان کن جاں بحق ہوئے۔