عزیر بلوچ پولیس اہلکار سمیت تین افراد کے قتل کے مقدمہ میں بری

Published On 14 January,2025 03:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کراچی نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو پولیس اہلکار سمیت تین افراد کے قتل کے مقدمہ میں بری کردیا۔

کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عزیر بلوچ کے خلاف مقدمہ کی سماعت ہوئی، عزیر بلوچ کی جانب سے ایڈووکیٹ فاروق حیدر جتوئی عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ عذیر بلوچ کا مقدمے سے کوئی تعلق نہیں، عذیر بلوچ کو پہلے سے گرفتار ملزمان کے بیان کی روشنی میں مقدمے میں شامل کیا گیا تھا، گرفتار دیگر ملزمان پہلے ہی مقدمے سے بری ہوچکے ہیں، عذیر بلوچ کو کسی عینی شاہد نے شناخت نہیں کیا تھا۔

بعدازاں عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ ملزم عذیر بلوچ کو پولیس اہلکار سمیت تین افراد کے قتل کے مقدمہ میں بری کردیا، ملزم عزیز بلوچ کیخلاف چاکیواڑہ تھانے میں 2009 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔