کرم میں امن و امان قائم کرنے کا مشن، عمائدین کی دوسری بیٹھک، 14 نکات پر اتفاق

Published On 03 February,2025 05:47 pm

پشاور: (دنیا نیوز) کرم میں امن و امان قائم کرنے کے لیے عمائدین کی دوسری بیٹھک ہوئی جس میں 14 نکات پر اتفاق کیا گیا۔

منیر بنگش کے مطابق کوہاٹ کے جرگے میں 14 نکات پر اتفاق ہوا، جس کے بعد معاملات کے لئے مقامی جرگے بنائے گئے، مل بیٹھ کر سارے معاملات کا حل خود نکالیں، ایک دوسرے سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کا جرگہ کامیاب ہوا تو دونوں فریقین اکٹھے بیٹھے، مذاکرات کا پراسس ہوتا ہے، کرم مسئلہ حل ہونے میں ٹائم لگے گا۔

اس موقع پر جلال بنگش نے کہا کہ اسلام آباد اور پشاور کے مقامی رہنماؤں کے جرگے کوہاٹ امن معاہدے کا تسلسل ہے، آج کی نشست میں دونوں فریقین مین شاہراہ کھولنے، بنکرز مسماری اور اسلحہ جمع کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔

جلال بنگش نے کہا کہ کرم میں دونوں فریقین بہت متاثر ہوئے ہیں، اگلی نششت میں مزید معاملات آگے بڑھیں گے، مل بیٹھ کر اعتماد کا فقدان ختم کر رہے ہیں، خلاف ورزیوں پر حکومت کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی عمائدین کی بیٹھک عملی طور پر تمام نکات کو یقینی بنانے کےلئے ہے، معاہدے میں کوئی رکاوٹ نہیں لیکن معاملات ساتھ ساتھ چلا رہے ہیں۔

جلال بنگش کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کے نقصانات کا ازالہ اب تک نہیں ہوا، اس پر بات کر رہے ہیں، دو دن میں فریقین ایک بار پھر بیٹھیں گے۔