لاچین: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی کسی صورت قبول نہیں، پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، بھارت کبھی پاکستان کا پانی نہیں روک پائے گا۔
لاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ افریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے صدر اورعوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آذربائیجان نے لڑ کر آزادی حاصل کر کے دنیا کی قوموں میں اپنا مقام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں، اجلاس اس عزم کا اعادہ ہے کہ تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانا ہے، سہ فریقی اتحاد مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا، ترک صدر نے جس انداز میں پی کے کے کا مسئلہ حل کیا وہ قابل ستائش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آذربائیجان کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعہ پر تحقیقات کی پیشکش کی، غیرجانبدار تحقیقات کی پیش کش کو بھارت نے مسترد کر دیا، بھارت نے پاکستان پر پہلگام واقعہ کا بغیر شواہد الزام لگایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں قائدانہ کردارادا کیا، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، پانی 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن ہے، بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے جو کبھی نہیں ہوپائے گا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار جانوں کی قربانی دی، ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہماراعزم غیر متزلزل ہے، پاکستان خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس ترکیہ اورآذربائیجان جیسے دوست ہیں، ہم تینوں ممالک اعلیٰ اقدار،امن اورانصاف کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔