شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 06 June,2025 06:52 pm

مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔

سعود ی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی قیادت کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔

علاوہ ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے شاہی دیوان میں ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دیئے گئے خصوصی ظہرانے میں بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔

ولی عہد سعودی عرب نے وزیراعظم کا خصوصی استقبال کیا اور خود گاڑی چلا کر وزیرِ اعظم کو ظہرانے میں شرکت کیلئے لے کر گئے۔

ظہرانے میں سعودی ولی عہد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھرپور استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں کے مابین غیر رسمی گفتگو ہوئی۔

ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں سمیت سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سعودی سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

وزیر اعظم کا سعودی ولی عہد کی جانب سے شاندار استقبال اور ظہرانے میں بطور مہمان خاص شرکت، پاکستان و سعودی عرب کے دیرنہ برادرانہ تعلقات اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کی مظہر ہے۔