اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا ازبکستان کے صدر اور اردن کے بادشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ازبک صدر اور عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران متوازن موقف پر ازبکستان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، تمام شعبوں خصوصاً علاقائی روابط میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا مصر کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم
دوران گفتگو ای سی او اور ایس سی او میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، صدر ازبکستان کی خطے میں امن اور سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اردن کے بادشاہ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی، وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاکستان بھارت کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دوران گفتگو فلسطینی عوام کیلئے امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو جلد پاکستان کادورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔