اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یہ دن بچوں کو مشقت اور استحصال سے بچانے کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی ہے، بچوں سے مشقت لینا ایک عالمی چیلنج ہے جس کا حل صرف قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بچوں کے استحصال کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر پُرعزم ہے اور اس حوالے سے متعدد عملی اقدامات کئے گئے ہیں، حکومت نے چائلڈ لیبر اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے لیے قوانین منظور کئے، متاثرہ بچوں کی بحالی اور دیکھ بھال کیلئے مؤثر نظام اور سروس یونٹس قائم کیے، جبکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قومی سطح پر ادارے بھی وجود میں لائے گئے ہیں۔
آصف علی زرداری نے آجر حضرات پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل کریں اور یہ یقینی بنایا جائے کہ کام کی جگہیں بچوں کے استحصال سے مکمل طور پر پاک ہوں۔
صدر مملکت نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ مختصر مدتی مالی فوائد کے بجائے بچوں کی تعلیم کو ترجیح دیں، اور تعلیمی اداروں اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایسے بچوں کی بروقت شناخت کریں جو سکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار ہوں۔
انہوں نے میڈیا کو چائلڈ لیبر سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین کی، جبکہ مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کیلئے آگے آئیں تاکہ کوئی بچہ غربت کے باعث مزدوری پر مجبور نہ ہو۔
آصف علی زرداری نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں تاکہ ہر بچے کو ایک محفوظ، تعلیم یافتہ اور روشن مستقبل مل سکے۔
چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر بچوں سے مشقت کے خلاف شانہ بشانہ کھڑا ہے، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن اس امر کی یاددہانی ہے کہ ہمیں ایک ایسے مستقبل کی جانب سفر جاری رکھنا ہے جہاں دنیا کا ہر بچہ محفوظ اور خوشحال ماحول میں پروان چڑھے، چائلڈ لیبر کے شکار بچے نہ صرف جنسی اور ذہنی تشدد کا شکار ہوتے ہیں بلکہ ان سے ان کی تعلیم کا حق بھی چھین لیا جاتا ہے، انہیں ان کے بچپن سے محروم کر دیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج کے دن میں چائلڈ لیبر کو روکنے اور اس کے مکمل انسداد کے لئے اپنے اور اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔